نیب چیئرمین بلاول کیخلاف حکومتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ، مہرین بھٹو

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی میں انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کی ممبر ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا ہے کہ نیب انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، کوئی الزام ثابت کئے بغیر کسی شہری کے خلاف کردار کشی کی مہم اس کے خلاف ذہنی اذیت دینے کا حربہ ہوتا ہے۔ نیب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف حکومتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ شہزاد اکبر نامی نامعلوم شخص کس قانونی اور اخلاقی جواز کی بنیاد پر نیب کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی حراست میں شہریوں کی ہلاکت اور ایک سابق بریگیڈیئر کی خود کشی نیب کے وحشیانہ طرز عمل کی نشاندہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی یونیورسٹی کے پروفیسر کو ہتھکڑیاں لگا کر گھسیٹنا اور نیب کی حراست میں ایک شہری کے انتقال کے بعد بھی انہیں لگی ہوئی ہتھکڑی نیب کے مجرمانہ ذہن کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس اگر کسی شہری کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالت میں پیش کرے جہاں یہ کام عدالت کا ہے کہ کسی شہری کے خلاف الزام کو صحیح مانتی ہے یا نہیں۔ ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے اور نیب گردی کے ذریعے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ای پیپر دی نیشن