ممبئی (این این آئی)بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے کہا ہے کہ مودی سرکار کیخلاف جنگ صبر اور استقامت کے ساتھ لڑنی ہوگی،مودی سرکار سے اپنا ملک، اپنا حق سب کچھ واپس لینے کی ضرورت ہے ،یہ اْسی صورت ملے گا جب سڑکوں پر نکلیں گے،مودی سرکار کیخلاف یہ جنگ بہت لمبی ہے، یہ جنگ کل ختم نہیں ہوگی، یہ جنگ بھارت میں اگلے الیکشن پر ختم نہیں ہوگی بلکہ یہ چلتی رہے گی، حکومت ہمارے تھکنے کے انتظار میں ہے ، احتجاج اْس وقت تک چلے گا جب تک مودی سرکار اپنا یہ قانون واپس نہیں لے گی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے گزشتہ روز جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں ہونے والے متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج میں شرکت کی اور وہاں موجود طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مودی سرکار کے خلاف جنگ صبر اور استقامت کے ساتھ لڑنی ہوگی۔بھارتی فلمساز انوراگ کشیپ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے ’انقلاب زندہ باد‘ اور ’آواز دو، ہم ایک ہیں‘ کے نعرے لگائے۔انوراگ کشیپ نے کہا کہ مودی سرکار کے اِس متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی سے شروع ہوتے ہوئے جواہر لال نہرو یونیورسٹی تک پہنچا اور پھر آہستہ آہستہ پورے بھارت میں پھیل گیا۔