اسلا م آباد: اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیوگوئترس نےافغان پناہ گزینوں سےملاقات کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئترس نے افغان پناہ گزینوں سے ملاقات کی۔
ملاقات کامقصد افغان پناہ گزینوں کے حالات اور واپسی کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ پناہ گزینوں میں افغانستان ، یمن اور تاجکستان کے باشندے شامل ہیں۔ سیکریٹری جنرل موسمیاتی تبدیلی ہونے والے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے،اس موقع پرسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ نے افغان مہاجرین کے لئے بڑی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا ہے، میں طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔دنیا کو پاکستانی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئیے۔
اس موقع پرپناہ گزینوں کاکہناتھا کہ پاکستان نے ہماری بہترین دیکھ بھال کی ہے، پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ اس وقت بھی 27 لاکھ مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں۔ پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دیتے ہوئے انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کی ہے۔ ہم پاکستانیوں کے شکرگزارہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں ۔ نور خان ائیر بیس آمد پراقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم دفترخارجہ اورپاکستان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران سیکرٹری جنرل صدر ڈاکٹرعارف علوی ،وزیراعظم عمران خان،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کریں گے ۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، انتونیو گوئترس کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ دیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ان ملاقاتوں میں جموں وکشمیرکے تنازعے کے تمام پہلوؤں پر پاکستان کے نقطہ نظرسے آگاہ کیا جائیگا۔ سیکرٹری جنرل کی دوسری مصروفیات میں ارکان پارلیمنٹ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اورنوجوانوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں،وہ پائیدارترقی، ماحولیاتی تبدیلی اور قیام امن کی کارروائیوں کے موضوع پرخصوصی خطاب بھی کریں گے۔ اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستانی خدمات بارے تصویری نمائش کا افتتاح، اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 18 فروری کو لاہورجائیں گے جہاں وہ نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ سیکرٹری جنرل لاہورسے ہی پولیو مہم کا بھی افتتاح کریں گے۔ انتونیوگوئترس،کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کا دورہ بھی کریں گے جبکہ وہاں ظہرانے میں شریک ہوں گے۔ شام لاہور واپسی پر مختلف مکاتب فکر کے علماء، اقلیتی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورہ لاہور میں اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل بادشاہی مسجد دیکھیں گے، جہاں انہیں شاہی قلعہ میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس 19 فروری کو دورے کی تکمیل پر واپس روانہ ہو جائیں گے۔