اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین سے ملاقات کی اور طویل میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کیلئے بہترین اقدامات کئے، یہاں آنے کا مقصد پاکستان کی دریا دلی کو سراہنا ہے، پاکستان مہمان نواز ملک ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات کرنے والوں میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین شامل تھے، سیکرٹری جنرل نے کہا کہ افغان جنگ کے دوران 65لاکھ مہاجرین پاکستان آئے، اس وقت 27لاکھ مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں۔ تاجکستان، یمن اور افغانستان کے مہاجرین نے پاکستان میں زندگی، کاروبار سمیت دیگر امور سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔قبل ازیں جب انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچے تو اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور حکام نے ان کا استقبال کیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پیر کو دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے افغان مہاجرین میں شرکت کریں گے۔صدر مملکت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشایہ دینگے،18 فروری کو سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس لاہور جائیں گے جہاں وہ لمز یونیورسٹی میں طلبا سے ملیں گے۔سیکریٹری جنرل یون این پولیو مہم کا آغاز کرینگے، وہ بادشاہی مسجد بھی جائیں گے، انتونیو گوتریس نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہ پاکستان دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے، دنیا میں امن کوششوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ امن کے لیے خدمات انجام دینے پر پاکستانی عوام سے تشکر کا اظہار کرتا ہوں۔