اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ) کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی ڈائریکٹر پروفیسرچانگ شیاوپنگ نے کہا ہے کہ رواں سال کیمپس میں چینی زبان اور ثقافت کو متعارف کرایا جائے گا، کراچی یونیورسٹی اور سچوان نرمل یونیورسٹی کے مابین مزید پروگرام جلد شروع کردیئے جائیں گے، سنٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈکوآپریشن طلبا کو اسکالرشپ فراہم کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے چین کے نئے سال کا جشن منانے کیلئے "ہیپی سپرنگ فیسٹیول" کے نام سے تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ بلا شبہ چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد دوست ہے اور اس نے ایک بار پھر کوویڈ 19 وبائی مرض کے دوران آزمائش کے وقت میں اپنی مضبوط دوستی کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم گوا ہہے کہ چینی حکومت پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مدد کے لئے آگے آئی ہے اور اس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی ضروری سازوسامان اور ویکسین فراہم کیں ، اسی وجہ سے پاکستان کے لوگ یہ مانتے ہیں کہ چین ان کا مخلص اور قابل اعتماد دوست ہے۔ گزشتہ 70 سالوں کے دوران چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی سیکٹر میں دور رس قومی فیصلوں کی وجہ سے چین ایک بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک)پاک چین دوستی اور پاکستانی معیشت کی بہتری کے لئے سنگ میل ہے۔ پاک چین تعلقات دونوں ممالک کی اقوام کے لئے ایک متاثر کن کتاب ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ چینی زبان اب ایک بین الاقوامی زبان بن چکی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چینی زبان سیکھنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی اور پاکستانی ڈائریکٹرز اور اس کے فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی کراچی میں چینی زبان کے فروغ کے لئے کی جانے والی محنت اور کوششوں کو بھی سراہا۔اس سے قبل کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے چینی ڈائریکٹر پروفیسرچانگ شیاوپنگ نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی اور سیچوان نرمل یونیورسٹی آف چائنا اور سنٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈ کوآپریشن ( چائنا)کے اشتراک سے چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کیمپس میں چینی زبان اور ثقافت کو متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے سامعین کو آگاہ کیا کہ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ طور پر گذشتہ سال دستخط کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈگری پروگرام کے تحت طلباپہلے دو سال کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان میں اور آخری دو سال چین کی سچوان نرمل یونیورسٹی میں تعلیم مکمل کریں گے۔ سنٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈکوآپریشن طلبا کو اسکالرشپ فراہم کرے گا جس میں ٹیوشن اور رہائش کے اخراجات شامل ہونگے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی یونیورسٹی اور سچوان نرمل یونیورسٹی کے مابین مزید پروگرام جلد شروع کردیئے جائیں گے۔
سنٹر فار لینگویج ایجوکیشن اینڈکوآپریشن پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ فراہم کرے گا: چانگ شیاوپنگ
Feb 16, 2021