کراچی (اسپورٹس رپورٹر) فاف ڈوپلیسی اور فواد احمد سمیت مزید 5 غیرملکی کرکٹرز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان پانچوں کھلاڑیوں کا انتخاب ریپلیسمنٹ پکس میں کیا گیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے ایک ایک غیرملکی کھلاڑی کو بطور متبادل اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔پلے آف میچز کے لیے نومبر میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے فاف ڈوپلیسی ایڈیشن 2021 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقی کرکٹر کو چندمیچز کے لیے کرس گیل کی جگہ لیگ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اْدھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے کولن منرو کی جگہ آسٹریلیا کے اسپنر فواد احمد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ فواد احمد اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ نیانگلینڈ کے ریس ٹوپلی کی جگہ امریکہ کے علی خان کو بھی متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کیاہے۔دورہ بھارت کی وجہ سے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن بھی اب اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی جگہ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔انگلینڈ کے دورہ بھارت کی وجہ سے لیام لیونگ اسٹون بھی اب پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ پشاور زلمی نے ان کی جگہ ٹام کیڈمور کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔انہوں نے سیزن 2018 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ 22 مارچ تک جاری گی۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
فاف ڈوپلیسی، فواد احمد سمیت مزید 5 غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل میں شامل
Feb 16, 2021