محبت اہل بیت ؓاور تعظیم سادات اہلسنت کا شعار ہے:اشرف جلالی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام 19 فروری بروز جمعۃ المبارک مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں دن ایک  بجے ’’اکتیسواں افکار رضا سیمینار‘‘ اور ’’عزّتِ سادات کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ ؐکے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ’’عزت سادات کانفرنس‘‘ کے موضوع پر خصوصی مقالہ پیش کریں گے۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید محمد اعظم شاہ کریںگے۔ تحریک صراط مستقیم کے ترجمان علامہ فرمان علی حیدری نے کہاکہ ’’عزت سادات کانفرنس‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، خاندان رسول ؐ کے احسانات، سادات کرام کے امتیازات، آل محمد ؐ  کی تعلیمات اور اُمت پر ان کے حقوق کی تفصیلات پر مشتمل مقالہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی نے میڈیا کے احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محبت اہل بیت ؓاور تعظیم سادات اہل سنت کا شعار ہے۔ صحابہ و اہل بیت ؓکی عقیدت کا اصل سبب ذات رسول ؐ ہے۔ ان دونوں محبتوں کی وحدت ان کے سبب کی وحدت کی وجہ سے ہے۔ کانفرنس کے انتظامات کے لیے علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، مولانا محمد حناد رضا حبیبی، صوفی محمد ظفر اقبال سرہندی، محمد سفیان جلالی، حافظ محمد ساجد اقبال جلالی، حافظ محمد ابراہیم جلالی پر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن