لاہو ر (کامرس رپورٹر ) موجودہ حکومت کا صوبہ پنجاب میں حالیہ مالی سالوں میں سماجی شعبوں کے لئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ سب سے اہم ہدف رہا ہے۔ صحت، تعلیم اور معاشرتی انفراسٹرکچر سے متعلق ترقیاتی سکیموں پر خصوصی اقدامات اس حکومت کی نمایاں توجہ کا مرکز ہے۔ صحت سے متعلقہ مشکلات سے نمٹنے کیلئے نہ صرف مختصر اور طویل مدتی حکمت عملیوں کا منصوبہ بنایا گیا ۔پنجاب حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صحت کے شعبے میں خطیر رقم مختص کرنے سمیت صحت کی ترقیاتی اسکیموں کے لئے فنڈز کے اجراء کو بروقت ممکن بنایا ہے اور اس ضمن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 21-2020 میں صحت کی 117 سکیموں کیلئے 11.462 ارب مختص کئے گئے جن میں 113 پہلے سے جاری اور 4 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ شہریوں کیلئے صحت کی سہولیات کو ممکن بنانے کیلئے جہاں بین الااقوامی فنڈ مختص کیے جاتے ہیں وہیں بین الصوبائی صحت کے معاملات کو بھی خاطر خواہ حصہ دیا جاتا ہے۔ نہ صرف پنجاب بلکہ دوسرے صوبوں میں بھی مختلف اضلاع میں اسپتالوں کے قیام، بحالی اور اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے موجودہ سالانہ بجٹ میں بلوچستان کو 1000 ملین فراہم کیے گئے ہیں۔ جو اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ بلوچستان کے وقت اعلان کیا گیا تھا۔ مختص بجٹ میں سے محکمہ خزانہ نے 5 ستمبر 2020 کو تربت میں 100 بستروں پر مشتمل جنرل ہسپتال کے قیام کے لئے 350 ملین روپے جاری کئے۔ موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بجٹ میں ڈبل انٹری کے ذریعہ صحت کے دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے 50 ملین کو دوبارہ مختص کیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کاسماجی شعبوں کیلئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ اہم ہدف
Feb 16, 2021