اسلام گڑھ(چوھدری امانت اللہ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی سالار اعلیٰ حاجی ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کا بطور سپریم ہیڈ مسلم کانفرنس کی کمان سنبھالنا خوش آئند ہے۔ اس فیصلہ سے ریاستی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سالار جمہوریت کی شمولیت سے مسلم کانفرنس مزید مضبوط ہوگی، تحریک آزادکشمیر پر اس فیصلہ کے دورس نتائج مرتب ہونگے۔ آزادکشمیر میں آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے نازک مرحلہ پر ریاست جماعت کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیرکی سواد اعظم جماعت ہے۔ چنار پریس کلب میں صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت نازک دور سے گزر رہی ہے۔ کشمیر کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی قابض افواج کی طرف سے ظلم و ستم جاری ہے۔ اس صورتحال میں آزادی کے بیس کیمپ کے اندر ایسی مضبوط ریاستی جماعت کا ہونا ضروری ہے جو تحریک آزادی کشمیر کو تقویت پہنچا سکے۔ مسلم کانفرنس ہی وہ واحد جماعت ہے جو تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ آزاد خطہ میں اس وقت چند ہی ایسے سیاستدان ہیں جو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنی گرفت رکھتے ہیں .