ہم آزادکشمیر میں باراوربنچ کو مزید مضبوط کریں گے: سردار تنویر الیاس

Feb 16, 2021

پانیولہ ( نامہ نگار  )وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر کے تمام اضلاع اور شہروں کی بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں  تحریک انصاف حکومت میں آکر عوام کو تیز تر انصاف فراہم کرنے کیلئے باراوربنچ کو مزید مضبوط کرے گی۔پاکستان کا خواب ایک وکیل علامہ اقبال نے دیکھا اور اس خواب کو تعبیر بھی ایک وکیل قائداعظم نے دی تھی۔ وکلا نے استحکام پاکستان کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد بار اور بینچ کے تقدس کو مزید بڑھانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انشاء اللہ آزادکشمیر میں حکومت بنائے گی اور ہماری اولین ترجیحات میں بار اور بینچ کو مزید سہولیات دینا اور قانون سازی میں ان کی رائے کو شامل کرنا سر فہرست ہوگا۔ سردار تنویر الیاس خان نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نو منتخب صد راجہ آفتاب اور انکے ساتھ کامیاب ہونے والے دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پونچھ کے نو منتخب صدر راجہ اعجاز اور انکے تمام عہدیداران کو بھی مبارکباد دی ۔

مزیدخبریں