اسلام آباد+کراچی (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کثیرالملکی بحری مشق امن2021- میں شریک مختلف غیر ملکی عسکری وفود سے ملاقاتیں کیں۔ امیر البحر سے ایرانی بحریہ کے سدرن فلیٹ کمانڈرکموڈور اریا شفقت، ڈائریکٹر آف نیول آپریشنز عراق بریگیڈیئر وائل عبدالمحسن شاین، نائیجیرین نیوی کے ڈپٹی ہائیڈروگرافرکموڈور سنڈے ڈینئل، فلسطین نیوی کے ایریا کمانڈر کموڈور ہازم ایس این ابو حنود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی اشتراک اور میری ٹائم سکیورٹی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے امن اور میری ٹائم سکیورٹی کے لئے مشترکہ کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے مشق میں شرکت پر معززمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ خطے کی میری ٹائم سکیورٹی اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی جو وہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ذریعے اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اٹھا رہی ہے۔ معزز مہمانوں نے کثیرالقومی بحری مشق امن2021- کے انعقاد اور خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کی مدد کے ضمن میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کا اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔