اسلام آباد‘ کراچی (نمائند خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ سے فیصل واوڈا کو سینٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر ارکان پارلیمانی بورڈ نے تحفظات کا اظہارکیا۔ کارکنوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نااہلی سے بچنے کیلئے سینیٹر بننا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ارکان کے تحفظات کے بعد وزیراعظم نے سینٹ انتخابات کے لیے دیئے گئے ٹکٹوں پر نظرثانی اور ٹکٹوں میں تبدیلی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیں گے۔ پارٹی کارکنان کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں۔ کسی پیراشوٹر کو سینیٹر نہیں بنائیں گے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ کے ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات کے باعث بعض نامزد امیدواروں سے سینٹ ٹکٹ واپس لئے جانے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صداقت جتوئی‘ مبین جتوئی‘ محفوظ عرسانی‘ راجہ خان جکھرانی‘ گل محمد رند‘ علی نواز شاہ شامل تھے۔ ملاقات میں ارکان نے سینٹ انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے سے متعلق حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میری اولین ترجیح غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ایسا نظام وضع کیا جائے کہ اخراجات کی مد میں غیر ضروری طور پر اٹھنے والے ہر ایک روپے کی بچت کی جائے جبکہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اشیاء ضروریہ پر بالواسطہ ٹیکسوں میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کرنے، ریونیو اور اخراجات میں توازن کے لئے آئوٹ آف باکس حل دیا جائے ۔ گندم پر اٹھنے والے انتظامی اخراجات کے ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ اخراجات کی مد میں غیر ضروری طور پر اٹھنے والے ہر ایک روپے کی بچت کی جائے دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے عاطف خان نے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر خیبرپی کے شاہ فرمان اور وزیر اعلی محمود خان بھی موجود تھے۔ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سے پشاور اور مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ممبران میں جنید اکبر، نور عالم خان، ارباب عامر ایوب، شیر علی ارباب اور شوکت علی شامل تھے۔ وزیر اعظم عمران خان سے وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد اور ممبر صوبائی اسمبلی خرم سہیل خان لغاری نے ملاقات کی۔ مزید برآں ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 2 ارب 27 کروڑ ڈالرز مالیت کی ترسیلات زر بھجوائیں اور یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ جنوری 2021ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں‘ جو کہ گزشتہ برس کے اس مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔ اپنی دوسری ٹویٹ میں وزیراعظم نے لارج سکیل مینوفیکچرنگ (بڑے پیمانے پر پیداواری شعبہ) کے حوالے سے بھی اچھی خبر بتاتے ہوئے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں دوہرے ہندسے کی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔ دسمبر 2019ء کے مقابلے میں دسمبر 2020ء میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ ہوا۔ اس طرح جولائی 2020ء سے دسمبر تک لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صنعتی شعبے میں بھی خوشخبری مستحکم نمو کی عکاس ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں تعلیم کے فروغ‘ تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکلڈ ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر عطاء الرحمان نے اجلاس کو تجاویز پر بریفنگ دی۔ وزیاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔ ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔