اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک پاکستان چین اقتصادی راہداری کے سلسلے میں زیر تعمیر موٹروے کے اہم حصے پر تعمیراتی کام حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب تک این ایل سی نے کام کے اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے 95فی صد سے زیادہ کام مکمل کیا ہے۔ چار رویہ مغربی راہداری کی کل لمبائی 285کلو میٹر ہے جسے پانچ مختلف پیکجیز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ این ایل سی پیکج ون پر کام کر رہی ہے جسکی تکمیل سب سے پہلے متوقع ہے پیکج ون کی کل لمبائی 55کلو میٹر ہے جو کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب یارک سے شروع ہوکر رحمانی خیل پر ختم ہوتا ہے۔این ایل سی نے تعمیراتی کام کے بین الاقوامی معیارکو برقرار رکھتے ہوئے انفراسٹکچر کا تمام کام مکمل کیا ہے اس میں سڑک کی تعمیر، یارک اور عبدل خیل کے مقامات پر دو انٹرچینج، چھ انڈر پاس،چار پل، رہائشی سہولیات اور ٹول پلازوں سمیت دیگر تعمیراتی کام شامل ہیں۔ جبکہ وزن کے کانٹوں کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے جسے 31مارچ 2021 کی مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔
ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کاتعمیراتی کام حتمی مرحلے میں داخل
Feb 16, 2021