اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی دارالحکومت میں واپڈا، ریڈیو، لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں مردو خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز، بینرز، اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرین نے نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کی۔ اس حوالے سے پولیس سکیورٹی الرٹ رہی تاہم کو ئی ناشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ موجودہ تنخواہوں میں گزارا نہیں ہوتا جبکہ ان کے جائز مطالبات بھی کوئی ماننے کو تیار نہیں، اسی وجہ سٹرکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مطالبات کے تسلیم کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ اسلام آباد کے ڈی چوک میں واپڈا ملازمین کے احتجاج کے دوران ایک ملازم دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ پولی کلینک انتظامیہ نے شناخت آئیسکو کے لائن مین سردار ریاض کے نام سے کی ہے۔ واپڈا لیبر یونین کی جانب سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔