شاپنگ بیگ نہ دینے پر با اثر افراد کا خاتون دکاندار پر تشدد 

جہلم(نامہ نگار) تھانہ صدر کے علاقہ اعوانہ کی رہائشی شمیم اختر ذوجہ شاہنواز نے تھانہ صدر درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گائوں میں ایک چھوٹی سی دکان بنا رکھی ہے ،جس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے گھر کا چولہا جلاتے ہیں ، گزشتہ روز محمد وسیم ولد ٹھیکیدار محمد اشرف ہماری دکان پر آیا اور بسکٹ وغیرہ مانگے جو ہم نے اسے دے دیئے ، جس پر اس نے شاپر بیگ میں چیزیں ڈال کر دینے کا کہا تو ہم نے اسے بتایا کہ حکومت نے شاپر بیگ فروخت کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے ، جس پر وہ بحث کرنے لگا اور گالی گلوچ شروع کر دی ، میرے خاوند نے اسے گالیاں دینے سے منع کیا تو اس نے ہمارے ساتھ لڑائی جھگڑا شروع کر دیا اور مجھے تھپڑ مارتے ہوئے باہر نالی میں گرا دیا، اسی اثناء میں چوہدری ندیم اشرف ، چوہدری نعیم اشرف پسران چوہدری محمد اشرف ولد چوہدری محمد سلیم ، چوہدری ہارون سرور ولدچوہدری محمد سرور قوم گجر سکنہ اعوانہ ڈنڈے اٹھائے ہوئے آگئے ، اسی دوران میرے بیٹے طاہر نواز ، عامرنواز اور میرے خاوند نے مجھے چھڑانے کی کوشش کی تو نامزد افراد نے ہمیں گلی میں نیچے گرا کر ڈنڈوں ، لاتوں ، مکوں ، ٹھڈوں سے مارنا پیٹنا اور غلیظ گالیاں نکالناشروع کر دیں جس پر پولیس تھانہ صدر کے تفتیشی افسر نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن