وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا (Mrs Androulla Kaminara) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یورپی یونین کی سفیر کی جانب سے واٹر ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تکنیکی معاونت کی پیشکش کی گئی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او ریورپی یونین کے ممالک کے مابین انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں۔ سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یورپی یونین پاکستان کاایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ ان تعلقات میں بہتری سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان میں بلاامتیاز سب شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ ہماری توجہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر ہے۔ زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کی بے پناہ گنجائش ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے ان سیکٹرز میں ٹیکنالوجی کی فراہمی کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ معاشرے سے انتہاپسندانہ رجحانات کے خاتمے کیلئے نظریاتی وفکری محاذ پر بھی انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ہر قدم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کی جانب اٹھ رہاہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس سفر کی جانب گامزن ہے جس کا خواب قائدؒ او راقبالؒ نے دیکھا تھا۔ تحمل،برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے۔ یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ واٹر ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں کے حوالے سے تعاون کیلئے تیار ہیں۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا کی ملاقات،تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
Feb 16, 2021 | 19:08