صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹرکرن خورشیدکوہیلتھ پروفیشنلز کو زیادہ سے زیادہ بلاسودقرضے دینے کاٹاسک دے دیا۔وزیر صحت نے ایم ڈی پی ایچ ایف کو یہ ٹاسک محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں 30ویں بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سلوت سعید،پروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت،میاں زاہدالرحمن،پروفیسرجاویدچوہدری اورپنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے دیگراراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران 29ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔اجلاس کے دوران آئی ٹی سٹاف کی مختلف اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے بلا سود قرضوں کی حدبڑھانے کی منظوری کے علاوہ دوران ہیلتھ پروفیشنلز سے بلا سودقرضوں کے واجبات کی باآسانی واپسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 340ہیلتھ پروفیشنلزکوتقریباً35کروڑروپے کے بلا سودقرضے دئیے گئے۔پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن میں آئی ٹی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کردیاگیاہے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے صوبہ کے ہیلتھ پروفیشنلزکو زیادہ سے زیادہ بلا سودقرضے دینے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے ہیلتھ پروفیشنلزکیلئے بلاسودقرضوں کی رقم میں اضافہ کرکے آسانیاں پیداکی گئی ہیں۔ہیلتھ پروفیشنلزاپنے کاروبارکیلئے پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے انتہائی آسان شرائط پر 50لاکھ تک کے بلاسودقرضے حاصل کرسکتے ہیں۔ملتان کے کامیاب روڈ شوکے بعد پنجاب کے بڑے شہروں میں ہیلتھ پروفیشنلزمیں بلا سودقرضوں بارے آگاہی پیداکرنے کیلئے مزیدروڈ شوز منعقدکئے جائیں گے۔