لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی خرم خان لغاری نے ملاقات کی۔ سابق ایم پی اے سردار چنوں خان لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خرم خان لغاری نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم سب متحد ہیں اور اپوزیشن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے اور اپوزیشن کو اس ہزیمت پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے۔ عدم اعتماد کی رٹ لگانے والے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ اپوزیشن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت مدت پوری کرے گی۔ عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ نے ملاقات کی اور حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی میرے دست و بازو ہیں اور ان کے حلقوں کے مسائل پہلے بھی حل کئے اور آئندہ بھی کریں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام رہی۔ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی۔ اپوزیشن ڈینگی اور کرونا کے دوران بھی سیاست چمکانے کی کوشش کرتی رہی۔ اپوزیشن کے خلاف خود عدم اعتماد ہو چکا ہے اور ان کی منفی سیاست اب ’’قرنطینہ‘‘ میں چلی گئی ہے۔ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اٹک کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اٹک کو ماضی کی حکومت نے جان بوجھ کر نظرانداز کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اینکر اقرار الحسن اور ان کی ٹیم پر تشدد کی مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں صحت کارڈ سے بیٹے کا علاج کے لئے آئے شہری کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا۔
اپوزیشن کی منفی سیاست قرنطینہ میں چلی گئی:عثمان بزدار
Feb 16, 2022