لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر قانون محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت پنجاب حکومت کی سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ پالیسی 2021 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سید علی مرتضی نے الاٹمنٹ پالیسی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی سفارشات کے مطابق پالیسی وضح کرنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے افسروں کے درمیان الاٹمنٹ میں امتیاز ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی او آرز میں الاٹمنٹ کے معاملے میں پیچیدگیاں دور کریں گے۔ گھروںکی کمی دور کرنے کے لئے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر نئے جی او آرز بنانے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری رہائشگاہوں کی الاٹمنٹ میں شفافیت کیلئے سافٹ وئیر بنالیا گیا ہے جس سے کئی قسم کے مسائل کا حل نکلے گا۔