لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر میاں رحمن عزیز چن نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ملک میں ڈیموں کی قلت کے معاملے پر اظہار تشویش کو سراہتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ 2022-23 میں آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ پاکستان میں نہ صرف سستی اور وافر بجلی پیدا کرنے بلکہ فوڈ سکیورٹی کے خطرے سے بچنے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازوں کو سمجھنا ہو گا کہ معاشی ترقی آبی ذخائر کی تعمیر سے منسلک ہے جو سستی بجلی کا ذریعہ ہیں،حکومت کو آبی ذخائر کی جلد تعمیر کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ مستقبل قریب میں فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز کو جنم دے سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں ہر قیمت پر کالاباغ ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر تعمیر کرنے ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ڈیموں کی قلت کے سنگین مسئلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ وفاقی بجٹ میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے مناسب فنڈز مختص کرے گی۔