کراچی(اسپورٹس رپورٹر) صوبائی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے کہا ہے کہ ہمیں عالمی سطح پر ملک کے سافٹ امیج اور کھیلوں کی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ساؤتھ افریقہ اور پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے اور محکمہ کھیل حکومت سندھ اس میگا ایونٹ کے انعقاد میں کی جانے والی ہر کوشش اور اقدام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان سائوتھ افریقہ سیریزکیلئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کی تشکیل کردہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین عمران احمد شیخ، آصف عظیم اور ماجد خان سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 28 فروری تا 3 مارچ تک ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی جس کیلئے ساؤتھ افریقہ کی ٹیم 26 فروری کوکراچی پہنچے گی ۔سیکریٹری اسپورٹس اختر عنایت بھرگڑی کاکہنا تھا کہ ساؤتھ افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اس سے ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی بحالی کی راہیں مزید ہموار ہوں گی ۔ بینائی سے محروم افرادنے جہاں عام تعلیم کے علاوہ آئی ٹی ودیگرفنی میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھا ئے ہیں۔ وہیں عالمی کرکٹ کے میدانوں میں بھی اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے نابینا کھلاڑیوں کے پہاڑوں سے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے اختر عنایت بھرگڑی کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑ یوں میں صلاحیتیں کسی طور پر بھی دوسروں سے کم نہیں پاکستان کا وقار سربلند کرنے والے بلائنڈ کرکٹرزاور آرگنائیزرز ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے مہمان اور قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی