اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)طارق بنوری نے کہا ہے کہ تحقیقی مقالات کی تعداد پر زور دینے والے اعدادوشمار سے معیاری مقالہ جات جو کسی مسئلے کا حل پیش کریں یا اس کے حل کیلئے بامعنی کردار ادا کریں کی طرف جانے کی اشد ضرورت ہے۔ وہ چند مقالہ جات جو علم کا ذخیرہ مہیا کرتے ہیں درجنوں غیر معیاری مقالہ جات سے بہتر ہیں۔چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کی طرف سے منعقد کردہ قومی کانفرنس ’اذہان کی ملاقات سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا انعقاد ریکٹر ناہی پروفیسر شاہین سردار علی کی قیادت میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فنانس اینڈ بینکنگ کے احاطے میں کیا گیا۔کانفرنس میں ناہی کے نیشنل فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے اور بعد ازاں اعلی تعلیمی اداروں میںانٹیرم پلیسمنٹ آف فریش پی ایچ ڈیز کے تحت کام شروع کرنے والے محققین اور ماہرین تعلیم کوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا۔ ان آئی پی ایف پی فیلوز نے ایک تحقیقی منصوبے کیلئے سٹارٹ اپ ریسرچ گرانٹ حاصل کیا۔ منصوبے کی تکمیل پر ناہی نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے منصوبے کے نتائج کی ایک پوسٹر میں عکاسی کریں اور انہیں پوسٹر کی تیاری کی تربیت دی۔
طارق بنوری