اسلام آباد( اے پی پی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی پاکستان میں کنٹری نمائندہ، ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے پاکستان کو 200 ملین کووِڈ 19 ویکسین کی خوراکیں دینے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی ویکسین انتظامیہ کی انتھک کوششوں اور ثابت قدمی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں کووڈ19 کے کیسز کو کنٹرول کرنے میں پاکستان کی وفاقی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان نے کووڈ19 کے خلاف جنگ میں موثر ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ پاکستان میں آبادی کی ایک اچھی تعداد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ویکسینیشن کا ایک موثر نظام تیار کیا ہے اور اس نے ہمیشہ سٹاک میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔کووڈ19 کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے، ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے کہا کہ چھوٹے دیہاتوں میں بھی ویکسینیشن مراکز میں ویکسین دستیاب دیکھ کر حیران ہوا اور پاکستان میں اسکریننگ ٹیسٹ کرواتے ہوئے بہت اچھا لگا ۔ پاکستان جینومک سیکوینسنگ کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے جبکہ اس نے تین ماہ کے دوران 100 ٹیسٹنگ لیبز قائم کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (NCOC) اور وزارت قومی صحت خدمات بہت اچھا ردعمل دکھایا ہے۔
مبارکباد
حکومت پاکستان کو 200 ملین کووِڈ 19 ویکسین کی خوراکیں دینے پر مبارکباد
Feb 16, 2022