پاکستان کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر کام  کر رہے ہیں:ایرانی نائب وزیر تجارت

Feb 16, 2022

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی ٹریڈ منسٹر ایران مسٹر فرحاد نوری نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر کام رہے ہیں اس ایگر منٹ سے ایکسپورٹ کے مختلف شعبوں میں ڈیوٹیاں کم ہو جائیں گی۔جس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں گوجرانوالہ چیمبر اور بزنس سنٹر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد کی قیادت احمد اکرام لون نے کی۔ جبکہ وفد میں خالد منہا س،امجد حسین،واجہ نقوی،چوہدری حبیب اللہ ،عمر محمود ،خواجہ شارک کلیم اور شہروز رشید شامل تھے۔احمد اکرام لون نے ڈپٹی ٹریڈ منسٹر کو کہا کہ پاک ایران ٹریڈ کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اس لئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو جلد ایران میں کھولنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک ایران بارٹر ٹریڈ کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی بڑے پیمانے پر اپنی مصنوعات کی ٹریڈ کر سکیں۔چیمبر وفد نے ایران چیمبر آف کامرس، تہران چیمبر اور ایران ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے دفاتر کا دورہ بھی کیا اور وفود نے دوطرفہ تجارت کے حوالے سے معلومات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد کے سربراہ احمد اکرام لون نے ایران تہران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود کو پاکستان دورہ کی دعوت دی  ۔

مزیدخبریں