کراچی (کامرس رپورٹر) انٹربنک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹربنک میں 1.96 روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت 267.34 روپے سے کم ہوکر 265.38 روپے ہو گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 270 روپے سے گھٹ کر 268.50 روپے پر آگئی۔ یوں ڈالر کی قیمت میں 1.50 روپے کمی ہوئی۔ گزشتہ روز یورو کی قدر میں ایک روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 287 روپے سے کم ہوکر 286 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 3 روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 325 روپے سے کم ہوکر 322 روپے پر آگئی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 71 روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 73.50 روپے رہی۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 18 ڈالر کمی سے 1837 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمت 3700 روپے تولہ کمی سے ایک لاکھ 92 ہزار 200 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 3173 روپے خسارے سے 1 لاکھ 64 ہزار 780 روپے کی سطح پر رہی۔ جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 30 روپے کمی سے 2100 روپے کی سطح پر آگئی۔