اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی شک نہیں عمران خان قوم کی تباہی اور ایک فتنہ ہے۔ اس فتنے کا ہر قیمت پر قلع قمع ہونا چاہئے۔ اس ٹولے کے ارادے آگے بھی نیک نہیں ہیں۔ ہم عمران کو ووٹ‘ آئین اور قانون کی طاقت سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ عمران ملک بند کر کے دکھائے‘ اس کی ایسی کی تیسی۔ عمران سڑکوں پر آئے‘ اس کا علاج ہم کر کے دکھائیں گے۔ میں عمران خان کی گرفتاری کیلئے وزیراعظم کی اجازت کا پابند ہوں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا حکومت نے 25 مئی کو میری بات نہ مان کر غلطی کی تھی۔ وہ ملک کی تباہی کا نسخہ بڑی محنت سے لایا ہے۔ شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کرانے کی حرکت عمران کے کہنے پر کی۔ عمران خان کے خلاف کیس بھی چلیں گے۔ عمران خان کی گرفتاری کا بالکل ارادہ رکھتا ہوں۔ ہماری رائے ہے قومی اور صوبائی الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو ٹیریان کیس میں نااہل ہونا ہے تو اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے، عمران خان نے اپنی اولاد کو کیوں چھپایا؟۔ عمران خان نے پاکستان کے تعلقات دوست ممالک سے خراب کیے، یہ سب ان کا اپنا کیا دھرا ہے، اگر وہ میرٹ پر قانون کے مطابق نااہل ہوتے ہیں تو ان کو بالکل ہونا چاہیے۔