اسلام آباد‘سری نگر(کے پی آئی) فسطائی بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف بدھ کو مقبوضہ کشمیر میںہڑتال رہی ۔کشمیریوں کو بے اختیار بنانے کیلئے زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے کی کارروائی کے خلاف ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ۔ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ اس دوران مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مطاہرے کیے گئے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں زمینوں پر قبضے، شہریوں کے گھر مسمار اور جائیدادیں ضبط کرنے کی نریندر مودی کی سفاکانہ کارروائیوں اورکشمیر دشمن پالیسیوں کے خلا ف اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیراہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔دوسری جانب نیشنل کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیریوں کی املاک منہدم کرنے کی مہم کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کا مقصد مقامی لوگوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رہنما ناصر اسلم وانی نے سرینگر میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے نام پر بغیر کوئی نوٹس دیے کشمیریوں کو انکی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنا اور انہیں اپنے دفاع کے حق سے محروم کرناباعث تشویش ہے۔جبکہ سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے نئی دہلی اور مبمئی میں بی بی سی کے دفاتر پر بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں کے چھاپوں کی مذمت کی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ممبئی اور دہلی میں بی بی سی کے دفاتر پر ہندوستان کے محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں کے چھاپے قابل مذمت ہیں۔ مودی حکومت بچ بولنے والوں کو ڈھٹائی سے مار رہی ہے۔
قا بض حکومت کی ظالمانہ پا لیسیوں کیخلاف مکمل ہڑتال
Feb 16, 2023