ہا ئیکورٹ نے گورنر پنجاب سے مشاورت کا کہا تو ہے پھر الیکشن کمشن عمل کرے : چیف جسٹس


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین کی اپیلیں غیر موثر ہونے پر خارج کردیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین پنجاب اسملبی کی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو شاید ہائیکورٹ نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق حکم دیا ہے؟۔ ہائیکورٹ کے حکم کے بعد اب الیکشن کمشن کیا کر رہا ہے؟۔ ڈی جی الیکشن کمشن نے عدالت کوآگاہ کیا کہ الیکشن کمشن نے گورنر پنجاب سے مشاورت کی ہے، گورنر سے ملاقات کے منٹس ابھی موصول نہیں ہوئے، معاملے پر گورنر پنجاب شاید قانونی راستہ اپنائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمشن انتخابات کی تاریخ کے لئے گورنر سے کیوں مشاورت کررہا ہے۔ جسٹس عائشہ ملک نے ریماکس دیئے کہ آپ کو انتخابات کے لئے مشاورت کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے بتایا کہ شاید ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو گورنر سے مشاورت کا حکم دیا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہائیکورٹ کا حکم ہے تو پھر الیکشن کمشن مشاورت کرے۔ بعد ازاں عدالت نے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کی اپیلیں غیر موثر ہونے پر خارج کردیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 25 اراکین نے پنجاب میں وزیر اعلی کے انتخاب کے لئے حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔ الیکشن کمشن نے پارٹی پالیسی سے انحراف پر اراکین کو ڈی سیٹ کر دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...