لاہور؍ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فصلوں کی زیادہ پیداوار اور خشک سالی کیخلاف مزاحمت کرنے والی فصلوں کی اقسام پر تحقیق کے سلسلے میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی اے ای اے اور پاکستان کے درمیان صحت، زراعت، صنعت، جوہری ادویات اور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں جاری تعاون کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ایجنسی کے مختلف منصوبوں اور پروگراموں کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ایجنسی کے کام میں مہارت اور تکنیکی معاونت کے وصول کنندہ اور فراہم کنندہ کے طور اپنے تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل گروسی کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زیرانتظام 19 کینسر ہسپتالوں کے اہم کردار کے بارے میں بریفنگ دی جو پاکستان میں کینسر کے علاج میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور عام لوگوں کو سستے علاج کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختلف شعبوں میں نیوکلیئر ایپلی کیشنز میں پاکستان کی مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایجنسی کے کام میں معاونت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے جس میں کینسر کے علاج کیلئے’’امید کی کرن‘‘ کا اقدام بھی شامل ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی، توانائی اور غذائی تحفظ جیسے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے فصلوں کی زیادہ پیداوار اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے والی فصلوں کی اقسام پر تحقیق کے سلسلے میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے ) کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے انرجی مکس میں جوہری توانائی کا کردار سستی اورصاف توانائی کا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافیل ماریانو گروسی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد میں ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی جس میں عالمی و علاقائی صورت حال اور وزارت خارجہ کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشیر وزیراعظم احد چیمہ کی والدہ کی وفات پر تعزیت کیلئے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر جاکر مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیراعظم نے احد چیمہ اور ان کے اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کی وفات ناقابل تلافی نقصان ہے۔
ما حلولیاتی مسائل: جوہری ٹیکنا لوجی کا استعمال بڑھانے کی ضرورت ہے: وزیراعظم
Feb 16, 2023