پاکستان کی بقاء کا مسئلہ کڑوی گولی نگلنی پڑے گی:  ڈاکٹرسلمان شاہ  


لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ضمنی مالیاتی بل پیش کئے جانے سے مہنگائی ڈبل ہو جائے گی اور ملک میں غربت بڑھے گی، پاکستان کے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ضمنی مالیاتی بل پیش کئے جانے سے مہنگائی ڈبل ہو جائے گی لیکن اس وقت مسئلہ پاکستان کی بقاء کا ہے اگر ایسا نہیں کر پائیں گے تو مہنگائی 100 گنا زائد ہو جائے گی۔ اس لئے یہ کڑوی گولی نگلنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد کرنا چاہئے۔ اس معاہدے میں تاخیر وزارت خزانہ کی ناکامی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے جلد معاہدہ کرے تاکہ معیشت کو نیچے جانے سے روکا جا سکے۔ حکومت اصلاحات کرے انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بنکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسین  صدیقی نے کہا موجودہ حکومت کی جانب سے شرائط پوری کرنے پر پاکستان کو قرض کی قسط ملے گی جس کے بعد سعودی عرب یو اے ای عالمی بنک ایشیائی ترقیاتی بنک سے پیسے مل جائیں گے۔ جبکہ قرضوں کی ری شیڈولنگ بھی ہو جائے گی اور پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ پاکستان کی مشکلات برقرار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی مالیاتی بل سے ملک میں مہنگائی کی شرح 25.3 فیصد سے بڑھ کر جون 32 فیصد سے زائد رہے گی۔ اس کے علاوہ ملک میں غربت بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض ملنے سے روپے کی قدر میں بہتری آئے گی۔ ترسیلات زر بڑھیں گے جس سے سٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن