مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنا ہمارا جمہوری، آئینی اور شرعی حق ہے:اشرف آصف جلالی 


لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین کے ہمراہ مینارِ پاکستان کا دورہ کیااور مینارِ پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آل پاکستان سنی کانفرنس کا مقصد ملک کی اکثریتی آبادی کے حقوق کا تحفظ ہے۔ حقوقِ اہل سنت میں سرفہرست عقائد اہل سنت کا تحفظ ہے۔ ہمارے اکابرین نے پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنا ہمارا جمہوری، آئینی اور شرعی حق ہے۔ امید ہے انتظامیہ ہمارے ساتھ تعاون کرے گی۔ سنی کانفرنس میں اہل بیت اطہار، امہات المومنین اور صحابہ کرامؓ کے ناموس کے بل کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کی جائے گی کہ اسے قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ سے بھی منظور کروا کے فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ کانفرنس میں دہشت گردی، کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔ عام انتخابات سے قبل قوم میں ووٹ کے صحیح استعمال کی سوچ اجاگر کی جائے گی۔ قوم نے دیکھ لیا کہ باقی سب کھوٹے سکے ہیں۔ خوشحالی صرف نظامِ مصطفیؐ میں ہے۔ کشمیر سمیت ملک کے تمام صوبوں میں کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ ملک بھر سے قافلے مینارِ پاکستان کا رخ کرنے کیلئے عازمِ سفر ہیں۔ بیرونِ ملک سے بھی وفود شرکت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن