لاہور(خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سماجی خدمات پروگرام بورڈ کا سالانہ اجلاس الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوا۔جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی اور رواں سال کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے نیشنل ڈائرکٹر عامر محمود چیمہ ، مرکزی اور ریجنل ذمہ داران شامل تھے۔ اجلاس میں عامر محمود چیمہ نے بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت نے 7175 معذور افراد میں ویل چیئرز، ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج، 1 لاکھ 19 ہزار 949 مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکج،10 لاکھ سے زائد مساکین میں قربانی کا گوشت، 12177 اقلیتی برادری کو کرسمس اور دیوالی تحائف کی فراہمی کے ساتھ 2292 قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اور 91 مساجد کی تعمیر و مرمت کا کام بھی کیا۔ الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے تحت اِس خدمات سے 29 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے جبکہ اِن خدمات پر 1 ارب 73 کروڑ لاگت آئی۔ ذکر اللہ مجاہد نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنی سماجی خدمات کے تحت ملک بھر میں لاکھوں افراد کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کا باعث بنی ہے اور الخدمت اپنا دائرہ کار ملک کے کونے کونے تک پہچانے کا عزم رکھتی ہے الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ کام مستحق اور نادار افراد کیلئے ایک تحفہ ہے جس کیلئے ہم مخیر حضرات کے بھی شکر گزار ہیں۔