انتخابات آئینی تقاضا ، جمہوریت کی عملی شکل کا حتمی نتیجہ ہے:ڈاکٹر عبدالغفور راشد 

Feb 16, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ انتخابات آئینی تقاضا ہے اور جمہوریت کی عملی شکل کا حتمی نتیجہ ہے۔ جمہوریت کے تسلسل کیلئے انتخابات ضرور ہونی چاہئیںلیکن دہشت گردی، معاشی بدحالی اور امن و امان کی صورت کے نتیجے میں جو معروضی حالات اس وقت ملک کے اندر پیدا ہوچکے ہیں۔ اس میں ضروری ہے کہ بہتر دنوں کا انتظار کیا جائے۔ ساز گار حالات پیدا ہونے تک انتخابات ملتوی کئے جائیں۔ اور بہتر ہوگا کہ اگست میں پارلیمنٹ کی مدت پوری ہونے کے بعدہی عام انتخابات کروائے جائیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔ دوسرا غیر سنجیدہ سیاستدانوں کیلئے بھی ایک سبق ہو گا کہ جو اپنی ضد کی وجہ سے جمہوری اداروں کو قربان کرتے ہیںتاکہ دکھا سکیںکہ وہ جمہوری نظام کو سبوتاژ کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پی کے کے گورنرز کے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ تمام جماعتیں متفقہ طور پر ایوان کی مدت پوری ہونے کے بعد ہی انتخابات کی طرف جائیں گی۔ان دنوںدہشت گردی میں اضافہ ہورہا ہے، بدامنی عروج پر ہے۔ 

مزیدخبریں