لاہور(نیوز رپورٹر+نامہ نگار)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کی سینٹرل مانیٹرنگ کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی ہدایت پر پی ایس ایل کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے کیمروں کے ذریعے ملتان میں کھیلے جانے والے میچ کی لائیو مانیٹرنگ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی لاہور میں کی گئی۔وزیراعلی پنجاب نے ملتان اور راولپنڈی میچز کی سرویلنس لاہور سیف سٹی ہیڈ کوارٹر میں کرنے کی خصوصی ہدایت کی تھی۔لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نصب کیمروں کی لائیو فیڈ جدید نیٹ ورک کے ذریعے لاہور میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے لنک کر دیا گیاہے۔لاہور سیف سٹی کی ڈیجیٹل وال پر تینوں اضلاع کے پی ایل ایس روٹس کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔کیمروں کے ذریعے کھلاڑیوں اور شائقین کے روٹس، ہوٹل اور سٹیڈیم کے اطراف تمام علاقوں کی ڈیجیٹل سرویلنس و مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ لاہور کے سٹیڈیم واطراف کے 550 اور ملتان کو 300 سے زائد کیمروں سے مانیٹر نگ کا عمل جاری ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر جدید نیٹ ورک کے ذریعے لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے تمام کیمروں کو لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی سے لنک کر دیا گیا ہے۔