لاہور(نامہ نگار)پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں مرحلے کے لاہور میں میچز پر سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس کی تیاریاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں شامل تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، پی ایس ایل ایٹ کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر سکیورٹی پلان تشکیل دے رہے ہیں،8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار میچز کے دوران سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، لاہور پولیس پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے۔ سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں، لاہور پولیس،ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ادارے سکیورٹی و دیگر انتظامات کے لئے مشترکہ ریہرسل بھی کریں گے،ٹیموں کی قیام گاہ،روٹس، سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹیموں کی قیام گاہ،روٹ، سٹیڈیم کے اطراف مانیٹرنگ یقینی بنائی جائیگی۔ میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ اورپولیس ریسپانس یونٹ ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی، ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے، ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک سے متعلقہ مسائل کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔واضح رہے پی ایس ایل 2023 کے فائنل سمیت 9 میچز 26 فروری سے 19 مارچ تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل کھلاڑیوں‘شائقین کو بھر پور سکیورٹی دینگے : سی سی پی او
Feb 16, 2023