پاک بحریہ کے زیراہتمام کثیر الملکی بحری مشق امن 2023ءشمالی بحیرہ ¿ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں پاک بحریہ اور غیرملکی بحری جہازوں پر مشتمل ”امن فارمیشن“ بھی تشکیل دی گئی۔امن 2023ءکا مقصد ”امن کیلئے اتحاد“ کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کثیرالملکی ”امن 23“ مشق مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دوست اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور سمندری حدود میں دہشت گردی‘ بحری قذاقی اور منشیات کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے ”امن23“ کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔
یہ امر باعث فخر ہے کہ پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے ایسی مشترکہ مشقوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ 50 سے زائد ممالک کے اشتراک سے ”امن 2023ئ“ کے انعقاد کا مقصد بھی ”امن کیلئے اتحاد“ تھا جس کی کامیابی کا سہرا پاک بحریہ کو جاتا ہے۔ جنگی صلاحیتوں میں اضافہ‘ طاقت اور ہم آہنگی کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے اور پیشہ ورانہ مہارت میں جدت لانے کیلئے ایسی مشترکہ مشقوں کا انعقاد ضروری ہے۔ اس سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملتا ہے اور یہ مشقیں جنگی تیاریوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستان ان تمام شراکت دار ممالک کی سیاسی اور عسکری قیادتوں کا شکر گزار ہے جن کے باہمی تعاون سے ان مشقوں کا انعقاد ممکن ہوا۔ خطے کے امن و استحکام ‘ باہمی اتحاد اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے ایسی مشقیں ناگزیر ہیں۔
پاک بحریہ کے زیراہتمام کثیرالملکی مشق کا اختتام
Feb 16, 2023