لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کی ٹیم فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی سے محروم ہوگئی ۔لاہور قلنڈرز کے خلاف ابتدائی میچ کے دوران شاہنواز دھانی کے دائیں ہاتھ کی انگلی پر چوٹ آئی تھی، جس کے سکین کے بعد معلوم ہوا کہ فریکچر ہے جس کیلئے انہیں سرجری کروانا پڑیگی۔شاہنواز دھانی نے تصدیق کی ہے کہ وہ انجری کے باعث پی ایس ایل کے رواں سیزن سے باہر ہوگئے ہیں۔ محمد الیاس کو سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ۔ فاسٹ بائولر محمد الیاس اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کا حصہ رہ چکے ہیں۔شاہنواز دھانی نے انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد کہا کہ اپنی ٹیم ملتان سلطانز کو کچھ عرصے کیلئے چھوڑنے پر بہت غمزدہ ہوں، اپنی انگلی کا آپریشن کرا کر جلد از جلد واپس آئوں گا۔انہوں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور لکھا ' ٹیم میں ہر کسی کو بہت یاد کروں گا، خاص طور پر اپنے مداحوں کو، یاد رکھیے گا دھانی جلد ہی واپس لوٹے گا۔یہ بھی یاد رکھیں کہ ہماری ٹیم اس لیگ میں سب سے مضبوط ٹیم ہے، ہمارے نوجوان بائولرز بھی تباہ کن ہیں، وہ آئندہ میچز میں بیٹرز کیلئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔مجھے ذاتی طور پر یقین ہے کہ ابھرتے ہوئے نوجوان بائولر احسان اللہ اس سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی ہوں گے۔کراچی کنگز کو اسلام آباد کیخلاف میچ سے قبل بڑا دھچکہ، کراچی کنگز کے فاسٹ بائولر میر حمزہ پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے۔میر حمزہ پشاور زلمی کیخلاف میچ کے دوران انجرڈ ہوئے تھے۔ فاسٹ بائولر کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔گزشتہ شب میچ کے بعد میر حمزہ کو اسکین کیلئے ہسپتال لے جایا گیا تھا، سکین رپورٹ کے بعد میر حمزہ کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔کراچی کنگز انتظامیہ میر حمزہ کے متبادل کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی سے درخواست کریگی۔
ملتان کے شاہنواز دھانی ، کراچی کے میر حمزہ پی ایس ایل سے آئوٹ
Feb 16, 2023