لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ملتان میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جیت میں احسان اللہ کی تباہ کن بائولنگ اور رائیلی روسو کی دھواں دار بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18.5اوورز میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 111 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 13.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد رضوان 28 اور رائیلی روسو 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے‘شان مسعود تین رنز بناکر آئوٹ ہوئے‘واحد وکٹ نوان تھسارا نے حاصل کی۔قبل ازیں ملتان سلطانز کے فاسٹ بائولر احسان اللہ نے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے 27، مارٹن گپٹل 7، عبدالبنگل زئی ایک، سرفراز احمد 2، عمر اکمل 11، افتخار احمد صفر، محمد نواز 14 ‘محمد حسنین 22‘محمدحفیظ 18اور نسیم شاہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ملتان کے احسان اللہ نے 5 جبکہ ثمین گل اور عباس آفریدی نے 2،2 اور ، اسامہ میر نے ایک وکٹ لی۔خیال رہے کہ کوئٹہ کا یہ دوسرا میچ ہے، پہلے میچ میں اسے لاہور قلندرز سے شکست ہوئی تھی۔