کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے محمود احمد خان کی سربراہی میںساکنان شہر قائد کے7رکنی وفدنے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں حاجی رفیق پردیسی، پروفیسر اعجاز فاروقی ، جمال اظہر ، فہیم صدیقی ، سید تراب شاہ اور خالد شمسی شامل تھے۔وفد نے گورنرسندھ کو 25 فروری کو منعقد ہونے والے عالمی مشاعرہ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں اردو ادب کے فروغ ، اردو مشاعرہ اور فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اردو ہماری قومی اور رابطہ کی زبان ہے جس نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شہر میں عالمی مشاعرہ کا انعقاد خوش آئند روایت ہے،مشاعرہ سے اردو زبان و ادب کے فروغ میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں اردو ادب کی ترقی میں مشاعرہ کی روایت کا تسلسل انتہائی نا گزیر ہے۔ وفد کے سربراہ محمود احمد خان نے کہا کہ ساکنان شہر قائد تسلسل سے عالمی مشاعرہ کا انعقاد کررہا ہے جس میں پاکستان سمیت بیرون ملک سے شعراء کرام شرکت کرتے ہیں۔