حیدرآباد(بیورو رپورٹ)تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے منی بجٹ لاکر قیمتوں میں جو اضافہ کیا ہے اس سے غریب عوام کی زندہ درگور ہوجائے گی،پہلے ہی مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے ملک کے عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں، انہیں دو وقت کی روٹی بھی کھانے کو میسر نہیں اوپر سے اس طرح کی مہنگائی سے مزید صورتحال خراب ہوگی۔ جان بوجھ کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جارہا ہے،جس کا مقصد ملک کو مالیاتی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھنا ہے ۔ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیئے اور اس طرح کے عوام دشمن فیصلے جاری رکھے گئے تو پھر بہت جلد ملک کے عوام بھوک و بدحالی سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی جو صرف اپنے اقتدار کو بچانے کےلئے عوام دشمن فیصلے کررہی ہے۔