حیدرآباد(بیورو رپورٹ)اینٹومولوجیکل سوسائٹی آف سندھ کے زیر اہتمام، زراعت سے وابستہ دوست و دشمن کیڑوں سے متعلق پہلی نمائش، سندھ کی مختلف جامعات کے طلباءو طالبات کے مابین پینٹنگز و کیڑوں کے باکس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، راشد آباد اسکول کے سماعت و گویائی سے محروم طلباءکی بھی بھرپور شرکت، وائس چانسلر نے کامیاب طلباءو طالبات میں شیلڈ و اسناد تقسیم کیں، تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی میں اینٹومولوجیکل سوسائٹی آف سندھ کے زیر میزبانی کراپ پروٹیکشن فیکلٹی میں طلباءکی جانب سے کیڑوں کی پینٹنگ و زراعت سے متعلقہ کیڑوں کی مختلف اقسام کی ڈسپلے باکس کے حوالے سے نمائش منعقد کی گئی، جس میں میزبان سندھ زرعی یونیورسٹی کے علاوہ سندھ یونیورسٹی جامشورو، فیڈریل اردو یونیورسٹی کراچی، سمیت ایس کے رحیم گرلز ہائی اسکول حیدرآباد، زبیدہ ڈگری کالج حیدرآباد و ڈیف اینڈ ریچ اسکول راشد آباد ٹنڈوالہٰیار کے سماعت و گویائی سے محروم طلبہ کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، نمائش کے دوران طلباءو طالبات نے زراعت سے وابستہ کیڑوں، شہد کی مکھی، ٹڈی دل، دوست و دشمن مختلف کیڑوں کی مقررہ وقت کے دوران پینٹنگ تیار کیں، اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے نمائش و پینٹنگ گیلری کا دورہ کیا، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ انٹامولوجیکل سوسائٹی آف سندھ کے زیر انتطام یہ منفرد قسم کی نمائش منعقد کی گئی ہے، جس میں طلباءکی دلچسپی قابل دید ہے، طلباءنے زرعی دوست و دشمن کیڑے اکٹھا کئے ہیں اور یہ کراپ پروٹیکشن فیکلٹی و انٹامولوجیکل سوسائٹی آف سندھ کا یہ ایک قابل تحسین قدم ہے ، زراعت میں نقصان دہ کیڑوں و دوست کیڑوں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،نقصانکار کیڑے زراعت پر برے اثرات ڈالتے ہیں، اس نمائش میں کیڑوں کے زرعی فصلوں، باغات و سبزیوں پر حملے کی روک تھام کیلئے طلباءکو علمی معلومات حاصل ہوگی و عالمی منڈیوں میں پاکستانی پیداوار کو درپیش رکاوٹوں کو حل کیا جاسکتا ہے۔ تقریب سے ڈاکٹر عمران کھتری ، ڈاکٹر آغا مشتاق، ڈاکٹر عرفان گلال و دیگر نے بھی خطاب کیا، اس طرح مقرر کردہ کامیٹی کے نتائج کے مطابق، کیڑوں کے ڈسپلے باکس میں زرعی یونیورسٹی کی ایم ایس سی کی شیربانو پہلی، تھرڈ ایئر کے مختار علی نے دوسری وسندھ یونیورسٹی جامشورو کے پوسٹ گریجویٹ گروپ کے طلباءنے تیسری پوزیشن حاصل کی، کیڑوں کی پینٹنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن مس یاسمین، دوسری پوزیشن ایس کے رحیم گرلز ہائی سکول حیدرآباد کی مس اریبہ و تیسری پوزیشن وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کی مس جویریہ نے حاصل کی۔ تقریب کے دوران وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی سے ڈاکٹر زبیر، سندھ یونیورسٹی کی ڈاکٹررفعت سلطانہ، ڈیف اینڈ ریچ اسکول کی مس انشاءبھی موجود تھیں، جبکہ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے کوئز، مزاحیہ شاعری، ٹیبلو و گانے بھی پیش کئے۔ وائس چانسلر و دیگر مہمانوں نے کامیاب طلباءو شرکا میں شیلڈ و تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر ڈاکٹر مبین لودھی ، ڈاکٹر بھائی خان سولنگی، ڈاکٹر ڈاکٹر شہزاد علی ناھیون و دیگر بھی موجود تھے۔