نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے موسم بہار 2023 کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس میں بوتل پام کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ آفس میں شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، سیکرٹری جنگلات نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی، دوران بریفنگ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ جنگلات نے عوام کو پودے اور قلمات کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں 489 نرسریاں قائم کی ہیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، درخت لگانا قومی فریضہ اور سماجی ذمہ داری بھی ہے، شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درختوں کی دیکھ بھال بھی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پودا لگا لینا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے ، درخت لگائیں امید جگائیں۔