پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو دیوار سے لگانے کی سوچ کو بدلنا ہو گا، امپورٹڈ ٹولہ اپنی سیاست بچانے کیلئے آئین کے خلاف گھنائونی سازش کر رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ 22 کروڑ لوگوں کے ملک کو کرپشن سے لتھڑی ہوئی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اٹل فیصلہ کر لیا اب وہ شریف اور زرداری خاندانوں کی آلودہ سیاست کا سکہ نہیں چلنے دینگے۔مسرت چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ہر حربہ آزما لیا لیکن ان کا سیاسی گراف اوپر نہیں جارہا، یہ بضد ہیں ان کا سیاسی گراف اوپر جائے گا تو ملک میں انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا گراف تو اوپر نہیں جانا ملک اس نہج پر پہنچ رہا ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں بچے گا، اگر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو قومی لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی سوچ کو بدلنا ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف کو نکیل ڈالنے کی بڑھک لگانے والے اسحاق ڈار نے منی بجٹ سے عوام کو نکیل ڈال دی۔مسرت چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے نے اس قدر مہنگائی کر دی ہے کہ اب آٹا، گھی، دالیں، چکن بھی لگژری آئٹمز ہی ہیں۔