رہنما پاکستان مسلم لیگ ن طلال چودھری نے کہا ہے کہ دو سابقہ وزرائے اعظم کے لیے انصاف کا جائزہ لے لیں، نوازشریف اور عمران خان کے ساتھ سلوک میں برابری نہیں۔ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ کل ایک بار پھر منی بجٹ پیش کرنا پڑا ہے، پاکستان کے لوگ یہ فیصلہ کریں کہ مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے، ہمیں جہیز میں ملنا والا آئی ایم ایف معاہدہ وہ ہے جو عمران خان کرکے گئے تھے، ہم بھی عمران خان والا راستہ لے سکتے تھے، ہم بھی جھوٹ بول سکتے تھے،شعبدہ بازی کرسکتے تھے، ہم نے مشکل راستہ اختیار کیا۔لیگی رہنما نے کہا ہم نے پاکستان کو بچانے کیلئے سیاسی نقصان کیا ،ہمیں کوئی دکھ نہیں، نوازشریف کے معاہدے سے آٹا ،چینی ،گھی کی قیمت نہیں بڑھی تھی، دوسرا معاہدہ عمران خان نے کیا، اسحاق ڈار نے 4ماہ ضائع نہیں کیے،یہ کوشش کی کہ غریب پر بوجھ نہ ڈالا جائے، جو معاہدہ عمران خان نے کیا آج وہ ہمارے گلے پڑا ہے، ہماری تاریخ ہے ہم نے پاکستان کے لئے مشکل اقدامات کیے ۔انہوں نے کہا دو سابقہ وزیراعظموں کے نظام انصاف کا جائزہ بھی لے لیں، نوازشریف اور عمران خان کے ساتھ سلوک میں برابری نہیں ، نوازشریف کو کہا جاتا تھا 1گھنٹے کے اندر پیش ہوں، عمران خان نے پاکستان میں حفاظتی ضمانت کا گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے ہنڈسم اور پاپولر لیڈر حفاظتی ضمانت کیلئے بھی جانے کو تیار نہیں، عمران خان روز زمان پارک میں ٹریڈ مل پر دوڑتے ہیں، لیکن عمران خان عدالت جانے کو تیار نہیں ہوتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ایسا نظام انصاف ہو کہ سب برابر ہوں، مجھے امید ہے الیکشن ہونے سے پہلے ترازو پر پورا تولا جائے گا، اس طرح صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے کہ بیٹی کو تسلیم نہ کرنے والا صادق اور امین ہو، عمران خان کے کیس کا فیصلہ اس ہی طرح گھنٹوں کے اندر ہونا چاہیے جیسے پہلے ہوئے۔