پاکستان کی پہلی ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اینی میٹڈ فیچر فلم ’اللہ یار اینڈ دی 100 فلاورز آف گاڈ‘ (AllarYar and the 100 Flowers of GOD) 2 جون 2023 کو ملک بھر میں ریلیز کے لیے تیار ہے۔یہ فلم سائنس فکشن اور ایڈونچر پر مبنی پاکستانی تھری ڈی فلم ہے جسے تھرڈ ورلڈ اسٹوڈیو اسلام آباد کی پروڈکشن میں تخلیق کیا گیا ہے۔یہ اینی میٹڈ فلم اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور کا سیکوئل ہے جو سال 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔فلم کی کہانی پاکستان کے شمالی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان لڑکے اللہ یار کے گرد گھومتی ہے۔فلم میں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور درختوں اور جنگلات کی اہمیت جیسے موضوعات شامل ہیں۔اس کے علاوہ فلم میں سماجی عدم مساوات، ناانصافی، دوستی اور اتحاد کی قدر جیسے دیگر اہم مسائل کو یکساں طور پر ناظرین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔اینی میٹڈ فلم کے کرداروں کی وائس اوور کاسٹ میں معروف اداکار شامل ہیں جن میں ہمایوں سعید، علی ظفر، اقرا عزیز، میرا، بشریٰ انصاری، نادیہ جمیل، انعم زیدی، اذلان عزیر اور اظفر جعفری، علی نور، صنم ماروی اور گریہن بینڈ نے اس فلم میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔فلم اللہ یار کے مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر عزیر ظہیر خان نے بتایا کہ ’ہم نے اس فلم میں تفریح اور کہانی سے لے کر پروڈکشن کے معیار پر بہت محنت کی ہے، ہمیں امید ہے کہ شائقین اس اینی میٹڈ فن کو ہماری پچھلی فلم سے زیادہ پسند کریں گے۔‘فلم کے بارے میں اللہ یار کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا نے کہا کہ ’ہم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ میں ہمیشہ ایسی فلمز ناظرین کے لیے پیش کرتے ہیں جو منفرد ہوں اور سنیما سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک مخصوص تفریح فراہم کرتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ ’یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ پاکستان کی پہلی تھری ڈی فلم کی ڈسٹری بیوشن اور ریلیز کر رہی ہے۔‘