کابینہ کی منظوری کے بعد گیس 66.66فیصد تک مہنگی ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس 66.66 فیصد تک مہنگی کر دی گئی، پروٹیکٹڈ گھریلوصارفین کیلئے ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال پر 79 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے ماہانہ 50 مکعب میٹر استعمال پر 100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ماہانہ 60 اور90 مکعب میٹر استعمال پر بھی 100روپے فی ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال پر 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ نان پروٹیکٹڈ کے لیے ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر 250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے، 200مکعب میٹر استعمال پر 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔ نگران وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے گیس قیمت 3900روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر برقرار ہے۔ اوگرا نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کارخانوں کے لیے گیس کی قیمت 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر برقرار رکھی گئی ہے۔ سیمنٹ کارخانوں کے لیے گیس کی قیمت 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رہے گی جبکہ سی این جی سیکٹر کے لیے گیس نرخ 150روپے اضافے سے 3750روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔ گیس کی قیمتوں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے سپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ، دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو سلطنت ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکرٹریٹ گروپ کے گریڈ بیس کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر جے ایس بینک کے سپانسرنگ شیئر ہولڈر شبیر احمد رندیری کو بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کے سیکشن (IV)(1)14سے استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی۔ اس استثنیٰ کے تحت شبیر احمد 7.06 فیصد سپانسرنگ شیئر ہولڈر کی حیثیت سے جے ایس بینک لمیٹڈ میں اپنا ووٹنگ کا حق استعمال کر سکیں گے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 7 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 فروری اور 14 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انڈونیشیا کی باتک ایئر لائن کو پاکستان کے لئے ایئرسروس شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارت ایوی ایشن کی سمری پر انڈونیشیا کی ایئرلائن کو سرکاری ایئر لائن کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...