این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی درخواست سننے کی استدعا منظور

 الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی درخواست سننے کی استدعا منظور کرلی ، این اے 15 مانسہرہ پر نواز شریف کی عذرداری کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔ نواز شریف کی این اے 15 پر عذرداری کی بحالی کی درخواست پر سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ، نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔ جہانگیر جدون نے موقف اختیار کیا کہ میری تاخیر سے آمد پر عذرداری مسترد کی گئی، این اے 15 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں ہوئی، کئی پولنگ سٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کے بغیر فارم 47 جاری کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی نے کہاکہ ریٹرننگ افسر نے این اے 15 کی رپورٹ جمع کروائی ہے، رپورٹ کے مطابق تمام پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 کی بنیاد پر فارم 47 جاری کیا گیا، جس پر وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں موقع دے، ثابت کریں گے کئی پولنگ سٹیشنز کے ووٹ نہیں گنے گئے، ہمارے پاس تمام پولنگ سٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں۔ یادرہے کہ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی این اے 15 مانسہرہ سے انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی تھی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی انتخابی عذر داری پر سماعت کی تھی۔دوران سماعت ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا ئی تھی، ریٹرننگ افسر نے جواب میں کہا کہ حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔بعدازاں نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی، الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔قبل ازیں عام انتخابات میں مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 پر مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے ہرا یا تھا۔ نتائج کے مطابق این اے 15 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاسب نے ایک لاکھ 5 ہزار 249 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور نواز شریف 80 ہزار 382 ووٹ لے کرالیکشن ہار گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن