پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا ہے کہ شکر ہے پی ٹی آئی کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک سیاسی قوت ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگ ایک دوسرے کو ملتے ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے، علما کی عزت بحال ہو گئی ہمارت یہی خوشی ہے۔ کل تک یہ عالم دین کی تضحیک کرتے تھے آج ان کے قدموں میں بیٹھ گئے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر سے صحافی نے سوال کیا کہ یہ حکومت کیسے چل سکے گی ؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت تو بننے دیں، جب بچہ پیدا ہوگا تو اس کا نام رکھیں گے پھر بتائیں گے کتنا چلے گا۔ نواز شریف پارلیمانی سیاست سے کبھی علیحدہ نہیں ہوں گے، قائد اعظم، بھٹو اور نواز شریف عوام کا دکھ درد رکھنے والے لوگ ہیں، نواز شریف نے اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کیا۔ کرسیاں اور پروٹوکول اہمیت نہیں رکھتے، نوازشریف پاکستان کی سیاسی کو اچھی طرح سنبھالیں گے۔محمد صفدر سے جب مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ تو بہت خوشی کی بات ہے، اگر آپ کسی جگہ پہنچ جائیں تو آپ کے شوہر کتنا خوش ہوں گے، میری تو خوشی کی انتہا نہیں۔ادھر پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی نمبر گیم مطلوبہ ہدف کراس کر گئی۔ مسلم لیگ ن میں 16 آزاد اراکین نے اب تک شمولیت اختیار کر لی۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں 137 نشتوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ مسلم لیگ ن کی نمبر گیم آزاد اراکین کو ملا کر 153 ہو گئی۔ مسلم لیگ کو خواتین کی 34 اور اقلیت کی 4 مخصوص نشتیں ملیں گی۔ پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشتوں کو ملا کر مسلم لیگ ن 191 اراکین کے ساتھ سب سے آگے ہے۔