کمسن ملازمہ رضوانہ تشدد کیس : سول جج کی اہلیہ پر فردِ جرم عائد

Feb 16, 2024 | 18:27

ویب ڈیسک

لاہور : کمسن ملازمہ رضوانہ تشددکیس میں سول جج کی اہلیہ صومیہ عاصم پر فرد جرم عائدکردی گئی تاہم ملزمہ نے صحت جرم سے انکارکردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کم سن ملازمہ رضوانہ تشدد کیس کی سماعت سول جج اسلام آباد عمر شبیر نے کی، ملازمہ رضوانہ کی والدہ اور ملزمہ صومیہ عاصم وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔سماعت میں سول جج کی اہلیہ صومیہ عاصم پر فرد جرم عائدکردی گئی.عدالت میں فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی. جس پر صومیہ عاصم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا.کیس کی سماعت بیس مارچ تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ 24 جولائی 2023 کو رضوانہ پر تشدد ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس پر انسانی حقوق کے رہنماؤں سمیت حکام نے رضوانہ کے لئے آواز بلند کی تھی۔رضوانہ کا تعلق سرگودھا سے ہے. وہ اسلام آباد میں سول جج کے گھر ملازمت کرتی تھی. بچی کی والدہ نے کہا تھا کہ اس پر سول جج کی اہلیہ نے تشدد کیا. تشدد سے بچی بری طرح زخمی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں