محتاجوں اور غرباء کے حقوق

جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے مال و متاع سے نوازا ہے انہیں چاہیے کہ اپنے ارد گرد بسنے والے لوگوں کا بھی خیال رکھیں۔ اگر کوئی ضرورت مندہوتو اس کی مدد کریں۔ ما ل و متاع کی عطا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے یہ کسی بندے کا کمال نہیں ہوتا۔ اس لیے امراء کو چاہیے کہ اپنے مال میں سے محتاجوں اور غرباء کی مدد کریں۔ 
ارشاد باری تعالیٰ ہے : اور ان کے مال میں سائل اور محروم لوگوں کا حق مقرر ہے۔(سورۃ الذٰ ریٰت)۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا ایک شخص لوگوں کو قرض دیتا تھا اور اپنے ماتحتوں سے کہتاتھا جب کوئی مقروض آئے تو اس سے درگزر کرنا۔ شاید اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ ہم سے بھی در گزر فرمائے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جب وہ شخص مرنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوا تو اللہ تعالیٰ نے اس سے درگزر کیا۔ ( بخاری )۔
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اللہ تعالی اسے روز قیامت کی تکالیف سے نجات دے تو اسے چاہیے کہ وہ مقروض کو مہلت دے یا پھر معاف کر دے۔ (مسلم )۔
حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا، جو شخص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کسی یتیم کے سر پر شفقت کے ساتھ پھیرتا ہے تو اس کے ہاتھ کے نیچے آنے والے بالوں کے برابر اللہ تعالیٰ اسے نیکیاں عطا فرمائے گا اور جس نے یتیم کے ساتھ حسن سلوک کیاتو میں اور وہ جنت میں اس طر ح قریب ہوں گے جیسے یہ دو انگلیاں پھر آپ نے درمیانی انگلی اور شہادت کی انگلی کو ملایا۔ (مسند احمد)۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے نبی کریم ﷺنے فرمایا بیوہ عورت اور مسکین کی مدد کی کوشش کرنے والا اس شخص کی طر ح ہے جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرتا ہے یا جو رات کو قیام کرتا ہے اور دن کو روزہ رکھتا ہے۔ ( بخاری )۔
سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ایک غلام کہتا ہے کہ ایک رات آپ گشت پر تھے مدینہ سے تین میل دور ایک عورت کچھ پکا رہی تھی اوربچے رو رہے تھے۔ سیدنا فاروق اعظم ؓ نے بچوں کے رونے کی وجہ پوچھی تو عورت نے کہا کہ کافی دیر سے بھوکے ہیں بہلانے کے لیے چولہے پر پانی رکھا ہے۔ سیدنا فاروق اعظم فوری واپس گئے راشن خود اٹھا کر اس عورت کے گھر پہنچے۔ عورت نے آٹا گوندھا ، ہانڈی چڑہائی اور سیدنا فاروق اعظم ؓ خود آگ جلاتے۔ وہ عورت نہیں جانتی تھی کہ آپ امیر المومنین ہیں۔ اس نے دعا دی اور کہنے لگی کہ امیر المومنین ہونے قابل تم ہو، عمر نہیں۔

ای پیپر دی نیشن

فخر آدمیت یا شرم آدمیت 

پس آئینہ خالدہ نازش   لومڑی نے پورے جنگل میں افواہ پھیلا دی کہ جنگل کے بادشاہ شیر نے چھوٹے اور کمزور جانوروں کا شکار نہ ...